اسلام آباد ۔ مارچ 8، 2022 ۔ امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے گذشتہ روز معاون امریکی تجارتی نمائندہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا کرسٹوفر ولسن  کے ساتھ امریکی اور پاکستانی کاروباری رہنماؤں کے  گول میز اجلاس کی میزبانی کی۔

امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے اس موقع پر پاکستان اورامریکہ کے معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کئی برسوں سے پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور اس کا شمار پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے سب سے بڑے ذرائع میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تجارتی نمائندہ کے معاون کرسٹوفر ولسن کے ساتھ اس گول میز اجلاس کی بدولت ہمیں پاکستان کے کاروباری ماحول پر تبادلہ خیال کرنے اور معاشی و تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے بارے میں غور و خوض کا موقع ملا ہے۔

معاون امریکی تجارتی نمائندہ کرسٹوفر ولسن نے امریکہ اور پاکستان کے مابین تجارت کو بڑھانے کے مواقع اور اس سلسلے میں درپیش مشکلات سمیت تجارت و سرمایہ کاری پر امریکی تجارتی نمائندہ کے خیالات سے اجلاس کو آگاہ کیا جبکہ نجی شعبے کے شرکا ءنے پاکستان میں کاروباری ماحول پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور تجارت کو وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔

معاون امریکی تجارتی نمائندہ  کرسٹوفر ولسن نے کہا کہ وہ امریکہ ۔ پاکستان تجارتی تعلقات کے بارے میں پاکستان کی کاروباری برادری کے خیالات کو براہ راست سننے اور پاکستان کے کاروباری ماحول اور تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے امریکی حکومت کی پالیسی ترجیحات کا جائزہ پیش کرنے کے اس موقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں