آسٹریلوی ہائی کمیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرینا ہوٹلز کے تعاون سے آج اسلام آباد میں چھٹے گرلز کرکٹ کپ کی میزبانی کی۔
آسٹریلیا کے چارج ڈی افیئرز، برائس ہچیسن نے لڑکیوں اور اسکولوں کو ان کی شرکت پر مبارکباد دی اور سالانہ گرلز کرکٹ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سرینا ہوٹلز کی مسلسل حمایت کا خیرمقدم کیا۔
“آسٹریلوی ہائی کمیشن 2016 سے پاکستان میں لڑکیوں کی کرکٹ کو، کھیل کے ذریعے صنفی مساوات کے فروغ کے لیے، سپانسر کر رہا ہے۔ ہم نے اسلام آباد میں ایک سالانہ ٹورنامنٹ سے آغاز کیا تھا لیکن اس کے بعد اسے لاہور اور کراچی تک پھیلا دیا گیا ہے،” مسٹر ہچیسن نے کہا۔
“ہمارے ممالک کرکٹ کے لیے ایک جذبہ رکھتے ہیں، اس لیے ہمیں اس پروگرام کی حمایت کر کے بہت خوشی ہوئی ہے۔ کرکٹ اور دیگر کھیل رکاوٹوں اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ جب بھی یہ لڑکیاں کچھ رنز بناتی ہیں، وکٹ لیتی ہیں یا کیچ پکڑتی ہیں، وہ مزید برابری کی طرف قدم بڑھا رہی ہوتی ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔
لڑکیوں نے پی سی بی کے فرسٹ کلاس کرکٹ کوچز کی قیادت میں پانچ روزہ کوچنگ کلینک میں شرکت بھی کی۔
مسٹر ہچیسن نے مزید کہا کہ ہائی کمیشن کو خاص طور پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے تاریخی دورے کے دوران اس اقدام کی حمایت کرنے پر خوشی ہے۔ “یہ آسٹریلیا اور پاکستان دونوں میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک پرجوش وقت ہے۔ کرکٹ ان بہت سے بندھنوں میں سے ایک ہے جو ہمارے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں خواتین کرکٹ کی سربراہ، تانیہ ملک نے کہا، “اس پرمسرت موقع پر، جبکہ گزشتہ روز خواتین کا عالمی دن تھا، اور آسٹریلوی مردوں کی کرکٹ ٹیم کئی دہائیوں کے بعد پاکستان میں کھیل رہی ہے، ہماری لئے آسٹریلوی ہائی کمیشن کے ساتھ تعاون سے پسماندہ لڑکیوں کے لیے اس کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام کرنا ایک اعزاز کی بات ہے‘‘۔
“پی سی بی کے تعاون سے آسٹریلوی ہائی کمیشن نے ہمیشہ خواتین کے لیے کرکٹ کو فروغ دینے اور پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے میں سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس طرح کے پروگرام خواتین کی کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہم اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں،” انہوں نے مزید کہا
سرینا ہوٹلز کے سی ای او مسٹر عزیز بولانی نے کہا، “پاکستان میں کرکٹ ایک جنون ہے۔ سرینا ہوٹلز کے اسپورٹس ڈپلومیسی کے اقدامات کے تحت، ہم کھیلوں کے متعدد پروگرام کی حمایت، سہولت کاری اور امداد کررہے ہیں اور کھیلوں کی سفارت کاری اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہمارے عزائم کا اظہار گرلز کرکٹ کپ میں ہوا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ کھیل میں صنفی مساوات کی اہمیت کو فروغ دینے اور اسے اجاگر کرنے کے لیے ایک شاندار زریعہ فراہم کرتا ہے۔
گرلز کپ اسلام آباد میں چار سکولوں کی ٹیمیں شامل تھیں: مشال ماڈل سکول بری امام، ایس او ایس چلڈرن ویلج اور دو اسلام آباد ماڈل سکولز فار گرلز
Leave A Comment